Chief Minister Khalid Khurshid 16

خالد خورشید وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب

گلگت: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد ایوان کے امیدوار ایڈوکیٹ خالد خورشید 22 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہوگئے۔

خالد خورشید کے مد مقابل اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ کو 9 ووٹ ملے۔ امجد ایڈوکیٹ اب گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہونگے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے ایڈووکیٹ خالد خورشید کا نام فائنل کردیا تھا۔

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے خالد خورشید کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے ایڈوکیٹ خالد خورشید اور گلگت حلقہ 2 سے کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی رہنما فتح اللہ کا نام وزیر اعظم عمران خان کو بھیج دیا گیا تھا۔

ایڈووکیٹ خالد خورشید گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ 13 استور 1 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔ خالد خورشید ضلع استور کے علاقے رٹو سے تعلق رکھتے ہیں۔

ایڈووکیٹ خالد خورشید گلگت بلتستان کے چیف کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ خورشید کے صاحبزادے ہیں۔ خالد خورشید نے 2018 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے امجد زیدی گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر اور ںذیر احمد ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔

گللگت بلتستان اسمبلی کے 33 اراکین اسمبلی نے ووٹ ڈالے تھے۔ امجد زیدی نے 18 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ا اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار اور پاکستان مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے غلام محمد کو 8 ووٹ ملے تھے۔ اسپیکر کے انتخاب کے لیے ڈالے گئے ووٹوں میں سے 6 ووٹ مسترد ہو گئے تھے۔

سابق اسپیکر فدا محمد ناشاد نے نو منتخب اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سے عہدے کا حلف لیا تھا۔

پی ٹی آئی کے نذیر احمد 22 ووٹ لیکر گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔ ڈپٹی اسپیکر کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار رحمت خالق نے 9 حاصل کیے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔