Kartarpur 12

کرتار پور راہداری یا “امن کوریڈور”، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی اتحاد کی ایک حقیقی علامت ہے،پاکستان

اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری یا “امن کوریڈور”، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی اتحاد کی ایک حقیقی علامت ہے۔سکھ مذہب میں کرتار پور کی خصوصی اہمیت ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کرتار پور راہداری کے تاریخی افتتاح کا پہلا سال مکمل ہوگیا ہے ۔ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پوری دنیا سے سکھ برادری کی دیرینہ خواہش کو پورا کرتے ہوئے بابا گرو نانک کی 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر 09 نومبر 2019 کو اس راہداری کا تاریخی افتتاح کیا تھا۔ بیان میں میں کہا گیا ہے کہ سکھ مذہب میں کرتار پور کی ایک خاص اہمیت ہے ، کیوں کہ سکھ مذہب کے پہلے گرو بابا گرو نانک صاحب نے کرتار پور میں اپنی زندگی کے آخری سال گذارے تھے۔ کرتار پور راہداری ، جسے “امن کوریڈور” بھی کہا جاتا ہے ، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی اتحاد کی ایک حقیقی علامت ہے۔ بین الاقوامی برادری سکھ برادری سمیت اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے بھی کرتار پور کا دورہ کرتے ہوئے اسے” امید کی راہداری“ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے اس اہم اقدام کو بے حد سراہا تھا۔تاہم کوڈ19 وبائی امراض کی وجہ سے یہ راہداری 16 مارچ 2020 کوعارضی طور پر بند کردی گئی تھی،لیکن جیسے ہی دنیا بھر میں مذہبی مقامات بتدریج کھلنا شروع ہوئے ، پاکستان نے بھی 29 جون 2020 کو صحت سے متعلق ضروری حفاظتی پروٹوکول کے ساتھ راہداری کو دوبارہ کھول دیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک اپنی طرف سے راہداری دوبارہ نہیںکھولی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں