Quaid-e-Azam Muhammad Ali Jinnah 9

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا بابائے قوم کے یوم وفات کے موقع پر پیغام

اسلام آباد چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم وفات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ ایک عظیم لیڈر اور ذہانت و فراصت کے بہترین پیکر تھے۔ محمد علی جناح ؒ نے اپنے اعلیٰ کردار، مستقل مزاجی اور جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتے ہوئے علیحدہ ملک کی جدوجہد شروع کی اور برصغیر پاک ہند کے مسلمانوں کیلئے دو قومی نظریے کی بنیاد پر پاکستان کا قیام میں عمل لائے۔پوری قوم بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒکی تعلیمات اور ان کے فرمودات کی اہمیت موجود ہ دور کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے مزید اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔ بابائے قوم کی دور اندیشی اور سیاسی بصیرت نے قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کیے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمارے مسائل کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے وہ تعلیمات بھلا دی ہیں جن کی نشاندہی بابائے قوم نے کی تھی۔ آج ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے، ان پر قابو پانے کاواحد راستہ قانون اور آئین پر عمل درآمد ہے۔ ہمیں بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو بہتر کرنا ہے اور ہر قسم کے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پر امن، ترقی پسندانہ اور جمہوری سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو قائد اعظم ؒکے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں