شاہد خاقان عباسی 40

شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی ملک میں پھیلے جان لیوا کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر سابق وزیراعظم نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے، شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس سے اہم سیاسی شخصیات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا میں مبتلا ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی ایک ایماندار، اہل اور قوم کا درد رکھنے والے قابل اور وفا شعار انسان ہیں، کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام متاثرہ افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا اور خیریت دریافت کی۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 ہوگئی جب کہ 2 ہزار 67 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں