49

دنیا میں مسئلہ کشمیر دلیرانہ انداز میں اجاگر کیا، مظلوم کشمیری مدد کیلئے

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر انتہائی دلیرانہ انداز میں اجاگر کیا، مظلوم کشمیری عوام مدد کیلئے پاکستانی بہن بھائیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستانی قیادت اور عوام کشمیریوں کے زخم کو اپنے جسم پر محسوس کرتے ہیں، اپنی آزادی اور وطن کے دفاع کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی تسلط کے خاتمے کا دن آن پہنچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں خواتین اراکین پارلیمنٹ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کئی دہائیوں سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے اور وہاں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں،اب مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی تسلط کے خاتمے کا دن آن پہنچاہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری عوام مدد کیلئے پاکستانی بہن بھائیوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہم ہر پلیٹ فارم پرکشمیریوںکے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کشمیری مائوں بہنوں اور بچوں کا بھرپور احساس ہے اور ان کے دکھ درد کو ہم اپنا دکھ درد سمجھتے ہیں،مقبوضہ وادی میں مائوں بہنوں کی عزتیں پامال اور بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام ہو رہا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ پانچ فروری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے تجدید عہد کا دن ہے اور دختران پاکستان جدوجہد آزادی میں دختران کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یہاں جمع ہوئی ہیں۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دختران پاکستان اقوام متحدہ سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق، حق خود ارادیت دلائے۔انہوں نے کہا کہ آج کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، وہاں بچے بھوک سے تڑپ رہے ہیں،ہستال تک رسائی نہیںدی جارہی اور کھیلوں کے میدانوں کو ویران کر کے فوجی چھائونیاں بنا دی گئی ہیں،ایسی صورتحال میں عالمی مبصرین،انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت ملنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر انتہائی دلیرانہ انداز میں اجاگر کیا، وہ کشمیریوں کے سفیر ،وکیل اور ترجمان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت اور عوام کشمیریوں کے زخم کو اپنے جسم پر محسوس کرتے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ آج ریلی میں دختران پاکستان کے ساتھ چھوٹے بچے بھی آئے ہیں جو اقوام متحدہ کے نمائندوں اور مبصرین کو اپنی قرار داد جمع کرائیں گے جس میں ان کی طرف سے یہ پیغام ہوگا کہ وہ کشمیری بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دوسری قرار داد دختران پاکستان کی طرف سے جمع کرائی جائے گی جس کا مقصد بین ا لاقوامی برادری کا ضمیر جھنجھوڑنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سپہ سالار پاکستان کے بیان کو دہراتی ہوں کہ ہم آخری گولی،آخری سپاہی اور خون کے آخری قطرے تک وطن کے دفاع کے لیے لڑیں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کا سیکولر ریاست کا دعویٰ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔بعدازاں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے خواتین پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ پاکستانی عوام کے جانب سے کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے اسلام آباد آفس میں نمائندے جولین ہارنیز کو قرارداد پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں