L0VXxCM 39

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ملاقات

کراچی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔گورنرہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران سندھ کے لئے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت میں بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات سمیت عوام کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے کیونکہ عوام کے مسائل کے دیرپا حل کے لئے تمام سیاسی نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمہ کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے کئی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام حصوں کی یکساں ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم صوبہ کی تعمیر و ترقی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ صوبہ کے مختلف اضلاع کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کے مسائل کا حل باہمی گفت و شنید سے نکالا جاسکتا ہے جس کے لئے وہ وفاق کے نمائندے کے طورپر کاوشیں کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں