NCOC 55

این سی او سی کے نئے فیصلے!

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا کیسوں کا جائزہ لینے کے بعد تعلیمی ادارے 24مئی سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات 20جون کے بعد منعقد ہوں گے۔ یکم جون سے کھلے مقامات پر شادی کی مشروط اجازت ہو گی، سیاحتی مقامات بھی کھل جائیں گے۔ رات بارہ بجے تک ریستورانوں میں آئوٹ ڈور کی حد تک کھانے کی اجازت ہو گی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن نہیں چلے گی، مزارات، سینما گھر، پارک اور اِن ڈور جم بدستور بند رہیں گے۔ کھیل، میلے، ثقافتی اور دیگر پروگراموں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ کھلے اور بند مقامات پر کسی قسم کے بشمول مذہبی اجتماعات کی اجازت نہیں ہوگی۔ این سی او سی نے یہ فیصلے یقیناً ملک میں کورونا کیسوں کے اتار چڑھائو کو دیکھتے ہوئے ہی کئے ہیں جس پر ادارے کی مسلسل نظر ہے۔ پندرہ ماہ کے مشاہدات کے مطابق ایس او پیز پر سختی سے کار بند ہونے کی صورت میں ان میں کمی واقع ہو جاتی ہے جبکہ لاپرواہی برتنے سے حالات بگڑنے کی رپورٹیں بھی ہمارے سامنے ہیں۔ دوسری طرف ملک میں ویکسی نیشن کا عمل جو فروری کے دوسرے ہفتے میں طبی عملے سے شروع ہوا تھا، کے دوران تقریباً ساڑھے تین ماہ میں گزشتہ روز تک کل 47لاکھ 47ہزار 33افراد کو خوراکیں فراہم ہوئیں اوسطاً یومیہ یہ تعداد 47ہزار 470بنتی ہے جو ملکی آبادی کے تناسب سے بہت کم ہے۔ البتہ ان دنوں حفاظتی ٹیکوں کے مراکز پر غیرمعمولی رش ہے اور این سی او سی کے مطابق بدھ کے روز ملک گیر سطح پر دو لاکھ گیارہ ہزار 986افراد نے ویکسین حاصل کی مزید برآں حالیہ دنوں میں کثیر مقدار میں ویکسین درآمد ہونے کی بھی اطلاعات ہیں لہٰذا22 کروڑ کی آبادی میں یہ عمل جس قدر جلد مکمل ہوگا اسی قدر سرعت سےحالات معمول پر آ سکیں گے۔