Asad_Qaiser 67

عوام کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عوام کو رعایتی نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستے نرخوں پر بنیادی اشیاء خوردونوش کی یکساں تقسیم سے منافع خور مافیا سے عوام کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور ریجنل سے یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی۔

اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضرورت مند افراد کو رعایتی نرخوں پر ضروریات زندگی کے لیے اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب طریقے کار پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور منافع خور اور ذخیرہ اندوز مافیا کی وجہ سے رعایتی نرخوں پر ملنے والی اشیاء کی قلت پیدا نہ ہونے دیں۔انہوں نے ضلعی سطح پر انتظامیہ کو رمضان المبارک کے دوران نرخون میں ناجائز اضافے کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کی جانب سے اسپیکر کو رمضان کے مہینے میں اشیاء خوردونوش کی طلب اور رسد سے متعلق بریفینگ دی۔سپیکر نے مختلف مقامات پر عوام کو ریلیف دینے کے سلسلے میں قائم کیے جانے والے موبائل بازار کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان موبائل بازار کی وجہ سے عوام کو رعایتی نرخوں پر باآسانی اشیاء کی فراہمی ممکن ہو رہی ہے۔ انہوں نےخیبرپختونخواہ میں موجود تمام 1009 یوٹیلیٹی اسٹورز کو ضروری مقدار میں اشیائے خوردنوش رکھنے اور صرف ضرورت مند افراد تک ان اشیاء کی رسائی ممکن بنانے کی ہدایت کی ۔