Sadiq Sanjarani 55

جمہوری نظام میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے صادق سنجرانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ جمہوری نظام میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ آزادی اظہار رائے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ آزاد میڈیا کی بدولت عوام کو حقیقت پر مبنی معلومات میسرہوتی ہیں یہی وجہ ہے کہ میڈیا کو ریاست کاچوتھا ستون کہا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ محمد صادق سنجرانی نے میڈیا نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں میڈیا کی آزادی کیلئے موثر قانون سازی کے ساتھ ساتھ سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ صحافی برادری کو بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تا کہ عوام کو معلومات کی بہتر فراہمی ممکن ہو سکے۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن(پی آر اے) کی درخواست پر میڈیا سینٹر بنایا گیا ہے اورصحافیوں کے دیگر مسائل کو بھی موثر انداز میں حل کیا جائے گا اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں گی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی میڈیا نمائندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کے دیگر مطالبات بشمول پریس گیلری کی وسعت، جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کو مزید بہتر کیا جائے گا تا کہ صحافی برادری اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیاں موثر انداز میں سرانجام دیں سکیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی آر اے کے صدر بہزادسلیمی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ میڈیا کے لئے جو سہولیات فراہم کی گئی ہیں اُس سے فرائض کی ادائیگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ میڈیا کو پارلیمنٹ کے اندر میڈیا سینٹر تک ٹی وی کیمرہ لے جانے کی اجازت دی جائے۔ جس پر چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی سربراہوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنا اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کو مزید فعال بنانے کیلئے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اس حوالے سے اقدامات بھی اٹھانے ہیں اور ایک دوسرے کی عزت کا بھی خیال رکھنا ہے۔ ہمارا مقصد پارلیمنٹ کو مضبوط او ر مزید بالا دست بنانا ہے۔ جمہوریت کیلئے آزاد میڈیا بنیادی شرط ہے۔ تقریب کے اختتام پر پی آر اے کی جانب سے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔