Election Commission 64

سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانےکی تاریخ میں 15 فروری تک توسیع کردی

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانےکی تاریخ میں 15 فروری تک توسیع کردی۔اس سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 فروری مقرر کی گئی تھی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اراکین کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات منعقد کرانے کے لیے 11 فروری 2021 کو انتخابی پروگرام جاری کیا۔پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ امیدواران اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے حوالے سے وقت کی کمی کی وجہ سے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دنوں میں اضافے کی تحریری و زبانی درخواستیں بھی موصول ہوئی۔الیکشن کمیشن نے ان تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے اور امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کے 15 فروری مقرر کر دی ہے۔نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری 2021 کو آویزاں کی جائے گی۔ جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری2021 کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہو گی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مستردکئے جانے کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی حتمی تاریخ 20 فروری2021 مقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 23 فروری 2021 مقرر ہے۔ ٹربیونل کے فیصلوں کی روشنی میں امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 24 فروری کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 25 فروری 2021 مقرر ہے۔سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ کے لیے پہلے سے مقرر کردہ تاریخ جو کہ 3 مارچ 2021 ہے اس میں کوئی ردوبدل نہیں ہو گا۔