Sheikh Rashid Ahmed 13

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن رہنمائوں کو خبردار

اسلام آباد :وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن رہنمائوں کو خبردار کیا ہے کہ قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوششیں جمہوریت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں ، اپوزیشن جماعتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ، قومی مفاد کے لئے قومی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے سے گریز کیا جائے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر اپنے رد عمل میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتساب کا وقت آچکا ہے جس سے بچنے کیلئے یہ لوگ مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے اجتناب کرنا چاہئے ان کے یہ بیانات جمہوریت ، قومی مفاد اور سیکیورٹی اداروں کے لئے نقصان دہ ہیں اس کے علاوہ اس کا فائدہ پاکستان کا دشمن اٹھا رہا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ملکی اداروں کے بارے میں اپوزیشن کے حالیہ بیانات قابل مذمت ہیں اور یہ ملک کے مفاد میں نہیں، اپوزیشن رہنمائوں کو منفی سیاست ترک کرنی چاہئے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم عام لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی بجائے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے میں مصروف ہے، ملک کے معتبراداروں کے خلاف بولنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پی ڈی ایم کے مجوزہ لانگ مارچ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی، ہم ان کا استقبال کریں گے، پی ڈی ایم 26 مارچ کی بجائے فروری 26 کو لانگ مارچ لے کرآجائے، اپوزیشن اتحاد میں پی ٹی آئی حکومت ختم کرنے کی طاقت نہیں ان کی تمام ڈیڈ لائن ختم ہوچکی ہیں لانگ مارچ کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل ہوگی۔ شیخ رشید نے اپوزیشن کو واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کو کبھی بھی این آر او نہیں دیں گے وہ تمام بدعنوان عناصر کے خلاف پرعزم ہیں۔ وزیر داخلہ نےکہا کہ پی ڈی ایم رہنماایک ایجنڈے پر متفق نہیں ،آنے والے دنوں انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ،بہت جلد یہ لوگ تقسیم ہو جائیں گے۔