Senator Shibli Faraz 28

شبلی فراز کا یوم یکجہتی کشمیر 2021کے موقع پرپیغام

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج کے دن پاکستان کے عوام اپنے کشمیر ی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ بھارتی مظالم، فوج کشی اور جبر و استبداد کے خلاف جدوجہد میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تنازعہ جموں و کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے لیکن بھارت کے 5 اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام نے 5 فروری کے دن کی اہمیت اور بڑھا دی ہے۔ نہتے اور مظلوم کشمیری عوام گزشتہ 7دہائیوں سے بھارتی غیر انسانی سلوک کا شکار تو تھے ہی لیکن گزشتہ 18ماہ کے دوران مسلسل فوجی محاصرے، مواصلاتی قدغنوں، میڈیا بلیک آؤٹ اوربدترین پابندیوں کا انہوں نے جس طرح سامنا کیا ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیابھر میں ظالم اورجابر سامراجی ریاست کے طور پر پہچانا جا رہا ہے جس نے نہ صر ف کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں بلکہ اپنے ملک میں اقلیتوں کا بھی جینا حرام کر رکھا ہے بالخصوص مسلمانوں کو امتیازی سلوک اور مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے جان و مال، کاروبار، سماجی ومعاشی حقوق، مقدس مذہبی مقامات اور تاریخی عمارات کا کوئی احترام ہے نہ ہی کوئی تحفظ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 7دہائیوں سے اپنے جائز،جمہوری اور بنیادی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو جموں و کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کو روکنا ہوگا۔ مہذب دنیا کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں ان کا جائز حق دلانے میں اپنا منصفانہ کردار ادا کرے۔ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہوں نے ہر عالمی فورم پر مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا”۔