Dr. Arif Alvi 33

یوم یکجہتی کشمیر 2021 ء پر پیغام

یوم یکجہتی کشمیر 2021 ء پر پیغام

پاکستانی عوام آج کے دن اپنے کشمیریوں بھائیوں کو حق خودا رادیت کے حصول کی مسلسل جدوجہد پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بھارت نے 5 اگست 2019 ء کو مقبوضہ کشمیر کی بین الاقو امی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی غرض سے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کیے ۔حقِ خودارادیت، اقوام متحدہ کے چارٹر کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے تمام بڑے معاہدات میں موجود بنیادی حقوق میں سے ایک ہے۔ غیر قانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں محکوم کشمیریوں کے اس حق سے انکار انسانی وقار کی نفی ہے۔
مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانے تنازعات میں سے ہے۔ یہ تنازعہ بھارتی ہٹ دھرمی ، وعدوں کی پاسداری سے انکار، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا۔ بھارتی قابض افواج غیر انسانی محاصرے، مواصلات کی بندش، سرچ آپریشنز، جعلی مقابلوں، کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل، پیلٹ گنوں کے بے دریغ استعمال اور اجتما عی سزا ؤں کے اطلاق سے بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ غیرقانونی طور پرمقبوضہ کشمیر میں لاگو سفاکانہ قوانین بھارتی ا فواج کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مکمل استثنیٰ فراہم کرتے ہیں ۔
قابض بھارتی راج مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی امتیاز کے ذریعے کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل رہا ہے۔ یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ معصوم کشمیری مرد، خواتین اور بچوں پرآئے روز کے مظالم، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے واضح ثبوت ہیں۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر اسکا محاسبہ کرے۔ بھارت خطے کی سلامتی کیلئے نقصان دہ یک طر فہ اور غیر قانونی کارروائیوں اورمقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے ”ہندوتوا“ ایجنڈے کے نفاذ سے باز رہے ۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا حل ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی کنجی ہے۔
پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم کشمیریوں کے ناقابلِ تردید حق خود ارادیت کے حصول تک ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔