Tourism 15

پنجاب حکومت صوبے میں سیاحت اور تہذیبی ورثے کے فروغ کے لئے جامع پروگرام

وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے سیاحت آصف محمود نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں سیاحت اور تہذیبی ورثے کے فروغ کے لئے جامع پروگرام پر عمل کر رہی ہے جس کے تحت ہڑپہ میں جدید سیاحتی مرکز قائم کیا جائے گا جہاں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو وادی سندھ کی عظیم تہذیب سے بھی آگاہی فراہم کی جائے گی –

175ایکٹر رقبے پر مشتمل ہڑپہ کے آثار قدیمہ پوری دنیا میں پاکستان کی شناخت ہیں جنہیں عالمی سطح پر روشناس کرانے کے لئے جدید آڈیٹوریم بھی جون تک مکمل کر لیا جائے گا –

اجلاس میں آثار قدیمہ میں سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا -اجلاس میں سیکرٹری ٹورارزم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ،لاہو روالڈ سٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنر ل کامران لاشاری،کمشنر ساہیوال نادر چٹھہ،ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی محمد الیاس گل،مینجنگ ڈائریکٹر ٹور ازم کارپوریشن پنجاب تنویر جبار،ڈپٹی کمشنر بابر بشیر،ڈائریکٹر آرکیالوجی مقصود احمد ملک،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیالوجی محمد حسن،کیوریٹر ہڑپہ میوزیم احمد نواز ٹیپو نے بھی شرکت کی –

اجلاس میں جدید آڈیٹوریم کی تعمیر کے کام کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ اس آڈیٹوریم میں سیاحوں کو وادی سندھ کی تہذیب سے متعلق ڈاکیومنٹری فلم کے ذریعے آگہی فراہم کی جائے گی جبکہ سیاحوں کے لئے گالف کارٹ بھی چلائے جائیں گے –

اجلاس میں میوزیم کی از سر نو تعمیر اور سیاحوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے مختلف تجاویز پر غور کر کے ایک جامع منصو بہ صوبائی حکومت کو منظوری کے لئے پیش کرنے کا فیصلہ لیا گیا –
اس موقع پر کمشنر ساہیوال نادر چٹھہ نے ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کی طرف سے مشیر برائے سیاحت آصف محمود اور ڈائریکٹر جنر ل لاہوروالڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری کو ہڑپہ تہذیب کی پینٹنگز پیش کیں –