President 12

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کیوبا کے پاکستان میں سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سےپاکستان میں کیوبا کے سفیر گیبریل ٹیل کیپوٹے نے جمعہ کو یہاں الوداعی ملاقات کی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر عارف علوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفاد کیلئےتجارت ، معیشت ، صحت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان 2005ء کے زلزلے کے بعد طبی ٹیمیں اور پاکستانی میڈیکل طلباء کو وظائف فراہم کرنے کے سلسلے میں کیوبا کے تعاون کو سراہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے شعبوں کی نشاندہی کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی اور پارلیمانی تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ سبکدوش ہونے والے سفیر پاکستان اور کیوبا کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کام کرتے رہیں گے۔