President 54

پاکستان اور جبوتی کاتجارت ، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون

اسلام آباد:پاکستان اور جبوتی نےتجارت ، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس عزم کا اعادہ بدھ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جبوتی پارلیمنٹ کے صدر اور افریقی یونین پارلیمنٹ کے قائمقام چیئرمین محمد علی حمید کی قیادت میں وفد کی ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے جبوتی میں اپنا سفارتخانہ کھولنے اور دیگر افریقی ممالک میں سفارتی مشنز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے،جبوتی بندرگاہ پر پاکستانی سامان کی جلد کلیئرنس کے لئے حکومت ِ جبوتی کا تعاون درکا ر ہے۔ صدر مملکت نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادی کے خلاف بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر نے کہا کہ عالمی برادری مشترکہ مطالبے کے تحت کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے اور کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کی فراہمی کے لئے دباؤ ڈالے۔جبوتی پارلیمنٹ کے صدر نے کہا کہ جبوتی پاکستان کے ساتھ ثقافت ، تجارت اور دفاع سمیت ہر شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے،گوادر اور جبوتی بندرگاہوں سے دونوں برادر ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی،فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارلیمانی ، ثقافتی اور دفاعی وفود کے تبادلے سے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی۔