Parliament House 57

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی

اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تعلقات خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے نئے عہد میں داخل ہو گئے ہیں۔ پاکستان چین کے ساتھ اپنی فقید المثال دوستی پر فخر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوا ہے اورپارلیمانی سفارتکاری اہم دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین ادارہ جاتی معاونت کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے اورعوامی سطح پر دوطرفہ روابط کو مزید استحکام دینے سے دیرینہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے مابین برادرانہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی ترقی کیلئے مشترکہ وژن کا نتیجہ ہے جونہ صرف خطے بلکہ علاقائی خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی بھر پور استعداد رکھتا ہے۔چین کے سفیر نونگ رونگ نے چیئرمین سینیٹ کے نقطہ نظر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کیلئے انتہائی اہم ملک ہے۔دونوں ملکوں کا ترقی و خوشحالی کا وژن مشترکہ ہے اور سی پیک کے منصوبے سے یہ خطہ بین الاقوامی تجارت کا مرکز ثابت ہو گا۔