Drone Regulatory Authority established 77

وفاقی حکومت کا ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ، وزیر اعظم

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ڈرون کے استعمال کے لیے ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ڈرون پالیسی مرتب کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے اعلی سطح کی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم عمران خان کو ڈرون ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں پر امن اور تحقیقی استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی زراعت، شہری منصوبہ بندی، سکیورٹی اور امن و عامہ کے لیے بہت افادیت ہے۔انہوں نے اس ضمن میں قانون سازی اور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لیے کمیٹی قائم کرنے کی ہدایات دیں ۔کمیٹی ایک ماہ کے اندر ڈرون ریگولیٹری اتھارٹی کے قانون کا مسودہ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔