Sheikh Rashid Ahmed 15

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی اماراتی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اورعرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستانی شہریوں پر ویزہ پابندی کا جلد از جلد خاتمہ ہونا چاہئے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر عزت حماد عبید ابراہیم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان یو اے ای تعلقات، یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی اور پاکستانی شہریوں پر حالیہ ویزہ پابندی سےمتعلق بات چیت ہوئی اور عرب امارات میں پاکستانی قیدیوں کی جلد سے جلد بازیابی کے لئے تعاون بڑھانے پر زوردیاگیا۔ ملاقات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں شیخ رشید نے کہا کہ عرب امارات میں پندرہ لاکھ پاکستانی ورکرز قیمتی اثاثہ ہیں۔سالانہ تقریباً 5 ارب ڈالر زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں۔ ان کی دیکھ بھال ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔عرب امارات میں قید پاکستانیوں کو جلد لانے کے اقدامات پر یو اے ای حکومت کا تعاون درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورعرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات ہے۔ پاکستانی شہریوں پر ویزہ پابندی کا جلد از جلد خاتمہ ہونا چاہئے۔پاکستان اور عرب امارات کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارےاورمحبت پر مبنی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ باہمی تعلقات کے مزید فروغ کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔اس موقع پر یو اے ای کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی شہریوں پر یو اے ای ویزہ پابندی عارضی ہے۔ ویزہ بحالی سے متعلق بات چیت جاری ہے۔ یو اے ای سفیر نے وزیر داخلہ کو یقین دہانی کرائی کہ ویزہ بحالی جلدممکن ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار مثالی ہے۔ان کی دیکھ بھال ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان اور عرب امارات کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے۔عرب امارات کے سفیر نے شیخ رشید احمد کو وزارت داخلہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔