Allama Mohammad Iqbal 13

،،،علامہ محمد اقبال کی سالگرہ،،،

اسلام آباد :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ محمد اقبال کی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں عظیم مسلمان فلسفی اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ برصغیر کے مسلمانوں کے بڑے محسن تھے جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا اور بعد ازاں انکا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ علامہ اقبال بہت بڑے مفکر تھے جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری کےذریعے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا، جس کی بنیاد پر ان کو علیحدہ وطن کے حصول میں بہت مدد ملی ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ علامہ محمد اقبال نے برصغیر میں مسلم معاشرے کی نشاط ثانیہ کیلئے اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر عمل کرکے ہم ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچ سکتے ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے اہل وطن اور خصوصاً نوجوان نسل ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں جس سے جدید دور میں مسلم امہ کو درپیش مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو ایک خوشحال قوم بنانے کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اسلام کے بارے میں علامہ محمد اقبال کے افکار اور ان کے فلسفہ خودی، جو کہ عزت نفس اور انسانی وقار پر یقین رکھتے ہیں، عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد رہنے کی سخت ضرورت ہے اور ہمیں باہمی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے زیادہ عزم سے کام کرنا چاہئے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن ہمیں امت مسلمہ کے اتحاد ، ترقی اور ملک میں خوشحالی کا درس دیتا ہے ۔اپنے بیان کا اختتام صدر مملکت نے علامہ محمد اقبال کے اس شعر پر کیا۔
ایک ہو ں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے
نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں