PTV 8

چیئرمین، پی ٹی وی اورایم ڈی، پی ٹی وی کی قومی اسمبلی کی مجلسِ قائمہ میں طلبی۔

اسلام آباد چیئرمین، پی ٹی وی ، چیئرمین ، پی آئی اے اور ایم ڈی ، پی ٹی وی مجلسِ قائمہ کے آئندہ اجلاس میں ذاتی طور پر حاضر ہوں۔ یہ ہدایات قومی اسمبلی کی مجلسِ قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں کے اجلاس میں دی گئیں۔ مجلسِ قائمہ کا اجلاس قومی اسمبلی کے کمیٹی روم نمبر 7 میں منعقد ہوا جس کی صدارت مجلسِ قائمہ کے چیئرمین جناب ملک محمد عامر ڈوگر نے کی ۔ مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ این ایچ اے نے ابھی تک ایم –فور میں قیام و طعام کی سہولیات فراہم نہیں کیں۔ جس کی وجہ سے ایم-فور پر سفر کرنے والے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نیز شورکوٹ کے مقام پر ہر مسافر گاڑی کو موٹروے سے اتر کر باہر جانا ہوتا ہے اور اُس کے بعد دوبارہ ٹول ٹیکس ادا کرنے کے بعد اُنہیں موٹروے پرآنا ہوتا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے مسافروں کو خاصی دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ این ایچ اے کی طرف سے مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ سابقہ دور میں مسافروں کو یہ دشواری اس لیے درپیش تھی کہ شور کوٹ انٹرچینج پر دو مختلف ٹھیکداران کام کر رہے تھے ۔ اب این ایچ اے نے اس مسئلے کو حل کر لیا ہے اور عنقریب صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ مجلسِ قائمہ نے ہدایت کی کہ دس دن کے اندر اندر اس صورتحال کو درست کر کے مجلسِ قائمہ کو رپورٹ دی جائے۔ مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ ایم-ون پر بھی قیام و طعام کی سہولیات مخدوش ہیں۔ جس پر مجلسِ قائمہ نے اِن سہولیات کو بھی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ مجلسِ قائمہ کے نوٹس میں یہ بات لائی گئی کہ پی ٹی وی اپنے ملازمین کو قومی اسمبلی میں وزیرِ خزانہ کی طرف سے کیے گئے اعلان کے مطابق اعزازیہ نہیں دے رہا۔ بعض لوگوں کے اعزازیہ کو صرف اس لیے دینے سے انکار کیا جارہا ہے کہ وہ سینئر افسران تھے۔ جبکہ حکومت نے سینئر یا جونیئر کی کوئی تفریق نہیں کی تھی۔ اسی طرح مجلسِ قائمہ کے نوٹس میں لایا گیا کہ بعض ایسے لوگوں کو بھی اعزازیہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جنہوں نے قومی اسمبلی کے متعلقہ بجٹ اجلاسوں میں خدمات سرانجام نہیں دی تھیں۔ چنانچہ مجلسِ قائمہ نے ہدایت کی کہ تمام بنائی گئی فہرستوں کو پی ٹی وی کے اصل ریکارڈ کے ساتھ ملا کر حتمی شکل دی جائے اور اگردانستہ طور پر غلط بیانی ثابت ہوئی تو متعلقہ حکام کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مجلسِ قائمہ نے ہدایت کی کہ تمام حقداران کو فی الفور اعزازیہ دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں