Tiger Force 11

ملک بھر میں ٹائیگرفورس ڈے منانے کااعلان،،،

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے 9 اگست کو ملک بھر میں ٹائیگرفورس ڈے منانے کااعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نوجوان رضاکاروں سے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 9 اگست کو پورے پاکستان میں ٹائیگر فورس کا دن منائیں گے، اس دن کو منانے کا مقصد ملک میں شجرکاری مہم شروع کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس دن ہم پورے پاکستان میں شجرکاری کریں گے ، شجرکاری مہم میں ٹائیگرفورس کی مہم کاخود حصہ بنوں گا ۔ ارکان اسمبلی، وزرائےاعلیٰ اور تمام پاکستانی شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں درخت لگانا بہت ضروری ہے اور2023 تک ہم نے 10 ارب درخت لگانے ہیں ۔ایک دن میں ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے اور ایک روز میں سب سے زیادہ پودے لگا کر ریکارڈ قائم کریں گے، 9 اگست کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ گلوبل وارمنگ سے دنیا کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، شجرکاری سے دنیا کا درجہ حرارت بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے۔ گلوبل وارمنگ کےباعث متاثرہ ملکوں میں پاکستان بھی شامل ہے ، گلوبل وارمنگ سے متاثرہ ممالک میں پاکستان کا دسواں نمبر ہے۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کھولنے کا بھی عندیہ دے دیا ۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں ملک بھرمیں ٹائیگر فورس ڈے منانے کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی۔ ٹائیگر فورس سے متعلق چین کی جانب سے لکھا گیا خط بھی وزیراعظم کو پیش کیا گیا، وزیراعظم نے عالمی سطح پر ٹائیگر فورس کی پذیرائی پر مسرت کا اظہار کیا اور ٹائیگر فورس کو متحرک رکھنے پر عثمان ڈار کو شاباش بھی دی۔خیال رہے کہ رواں برس وزیراعظم نے 30اپریل کو ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں آپریشنل کرنے کا حکم دیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں