گرمائی سیزن شروع ہوتے ہی مری میں پانی کی قلت کا مسئلہ سر اٹھانے لگا

By Usman Ali مئی 26, 2024

مری (حنیف خان ترک) – گرمائی سیزن شروع ہوتے ہی مری میں پانی کی قلت کا مسئلہ سر اٹھانے لگا ہے۔ پانی کے ذخائر پریشان کن حد تک کم ہو چکے ہیں، اور کسی بھی وقت پانی کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ کشمیر پوائنٹ سے شہر کو سپلائی ہونے والے پانی کے تالاب ڈیڈ لیول تک پہنچ چکے ہیں۔

حکام کے مطابق، دو تین دن کے اندر مری میں پانی کی سپلائی معمول کے مطابق بحال ہو جائے گی۔ سیزن سے قبل موٹروں کی مینٹیننس اور بحالی کا کام کیا جا رہا تھا، جو اب مکمل ہو چکا ہے۔ دھار جاوا سکیم کی کیبل خراب ہونے کی وجہ سے بند ہوئی تھی، جو اب ٹھیک کر دی گئی ہے۔ ایک موٹر خراب ہے جبکہ ایک موٹر سے پانی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔ کھنی تاک سکیم مکمل طور پر چل رہی ہے، اس کی بھی مرمت اور مینٹیننس کا کام مکمل ہو گیا ہے، جبکہ ڈونگا گلی سکیم سے بھی پانی کی بحالی جاری ہے۔

ایکسین پبلک ہیلتھ ضلع مری، ندیم جاوید نے بتایا کہ کچھ دن پہلے مری میں پانی کی شدید قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا جس کو کنٹرول کر لیا گیا ہے۔ آئندہ آنے والے دنوں میں پانی کی سپلائی شہر کے لیے مکمل بحال کر دی جائے گی۔ مرمت اور مینٹیننس کے کام کی وجہ سے کچھ پریشانی ہوئی تھی۔

تاہم، ہوٹل مالکان اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شہر میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ پانی کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے گھروں، ہوٹلوں اور رہائشی فلیٹوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ کئی دن تک پانی نہیں آتا۔ میونسپل کارپوریشن کے لائن مین اور افسران صرف تسلیاں دے رہے ہیں جبکہ کشمیر پوائنٹ میں موجود تالاب میں پانی ڈیڈ لیول تک پہنچ چکا ہے اور کسی بھی وقت سیزن شروع ہونے سے قبل ہی پانی کی قلت کا مسئلہ شدت اختیار کر سکتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار شہروں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگوں کی مری آمد متوقع ہے۔ لیکن پانی کی قلت کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ پانی کی رسد اور سپلائی میں بڑا خلا ہے، جسے فوری پورا نہ کیا گیا تو مری شہر کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا، جو میونسپل کارپوریشن اور پبلک ہیلتھ سے کنٹرول نہیں ہوگا۔

ایکسین پبلک ہیلتھ ندیم جاوید نے کہا کہ تین سکیمیں دھار جاوا، کھنی تاک، اور ڈونگا گلی ہیں، جن پر سیزن سے پہلے کام کیا گیا تھا اور مرمت مکمل ہو چکی ہے۔ آنے والے دنوں میں مری میں پانی کی قلت کا سامنا نہیں ہوگا اور کچھ دنوں میں پانی کی کمی کو پورا کر دیا جائے گا، لیکن تا حال پانی کی قلت کا مسئلہ شہر میں سر اٹھاتا نظر آ رہا ہے، جو کسی بھی وقت سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔

About Author

Related Post