مری:مصروف ترین لوئر بازارصدیق چوک مری میں سڑک کے درمیان میں گڑھابن گیا جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، صدیق چوک میں عین روڈ کے درمیان میں ہیوی ٹریفک کی وجہ سے سڑک کے درمیان میں نالے کا لنٹر ٹوٹ چکا ہے کوئی بھی بچہ یاگاڑی اس گڑھے میں گر سکتی ہے جس سے جانی ومالی نقصان کااندیشہ ہے جبکہ اس سے چند قدم کے فاصلے پر بچیوں کاایم سی سکول اور دی ایجوکیٹرز سکول واقع ہیں اسی سڑک سے معصوم طلباء وطالبات گزرکر سکولوں میں جاتے ہیں جبکہ مری شہراور گردونواح کے علاقوں سے بھی کانونٹ آف جیززمیری،سینڈینیز، اے پی ایس، ایف جی پبلک اور کینٹ بورڈ سکول کے ننھے بچوں کو سکول چھوڑنے اورواپس گھروں کوپہنچانے والی گاڑیاں آتی جاتی ہیں،بڑا شگاف پڑنے کے باعث گاڑی گزرنے کی جگہ تنگ ہونے کی وجہ سے کسی بھی حادثے کا شکار ہو سکتی ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق جنرل کونسلرمری سٹی محی الدین پرے،طلبا وطالبات کے والدین اور اہل علاقہ نے اے ڈی سی آر کیپٹن (ر) قاسم اعجاز اے سی مری کامران صغیر اورسی اوایم سی مری حسیب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گڑھے کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ کوئی حادثہ رونما نہ ہوسکے انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہااندروں شہر پہلے ہی تنگ تھا اور اب بے ہنگم تعمیرات کی وجہ سے نالے بھی بند کر دیے گئے ہیں جس کی وجہ سے بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اورتاجروں کی دوکانوں میں داخل ہو رہا ہے اور بارش کے دوران لوئر بازار سے گزر کر مال روڈ یاکسی دوسری جگہ جانا مشکل ہو چکا ہے،رہی سہی کثر تھڑے والوں نے پوری کردی ہے جس کی وجہ سے دوگاڑیوں کا گزرنا مشکل ہے اور خدا ناخواستہ شہر میں آگ لگنے کی صورت میں فائر برگیڈ کی گاڑی کااندرون شہر میں داخل ہونا بھی اب ناممکن ہو چکا ہے،اعلیٰ حکام اسکا بھی نوٹس لیں۔